ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / درخواست گزار اور وزیراعظم کے وکیل سچ سامنے آنے نہیں دینا چاہتے:پاکستانی سپریم کورٹ

درخواست گزار اور وزیراعظم کے وکیل سچ سامنے آنے نہیں دینا چاہتے:پاکستانی سپریم کورٹ

Thu, 12 Jan 2017 21:32:11  SO Admin   S.O. News Service

اسلام آباد،12جنوری(آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے پاناما لیکس کی دستاویزات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست گزار اور وزیراعظم کے وکیل سچ سامنے آنے نہیں دینا چاہتے جبکہ عوام سچ جاننا چاہتی ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ میں شامل جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت حقائق جاننے کے لیے ایک طرف جاتی ہے تو وہ اس کے راستے میں دیوار کھڑی کردیتے ہیں جبکہ دوسری طرف جائیں تو وہاں بھی یہی صورت حال ہے۔

وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے پارلیمان اور قوم سے خطاب میں کاروبار سے متعلق تفصیلات نہ بتانا جھوٹ کے ذمرے میں نہیں آتا۔اس پر بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ان تقاریر کو آدھا سچ یا پھر جھوٹ مان لیں۔مخدوم علی حان نے کہا کہ اُن کے مؤکل نے اپنی تقریر میں کسی مخصوص سوال کا جواب نہیں دیا بلکہ عمومی طور پر اپنے کاروبار کا ذکر کیا ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ منی ٹریل کے بارے میں بارے ثبوت وزیراعظم پر ہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ جب جائیداد کی ملکیت تسلیم کرلی گئی ہے تو اس کے ثبوت فراہم کرنا بھی مدعلیہان پر ہی ہوتا ہے۔بینچ میں موجود جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالت وزیراعظم کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں کی جانے والی تقریر کا جائزہ لیتی ہے تو پھر عدالت کو آئین کے آرٹیکل 66کو بھی سامنے رکھنا ہوگا جو پارلیمان میں ہونے والی کارروائی کے قانونی تحفظ کے بارے میں ہے۔

وزیراعظم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اُن کے مؤکل نے بینکوں سے قرضہ لے کر بیرون ملک کاروبار شروع کیا اور اگر عدالت اس بارے میں حقائق جاننا چاہتی ہے تو اس بارے میں کمیشن بنائیں جو دبئی جا کر ریکارڈ کا جائزہ لے۔اُنھوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کا نام نہ تو پاناما لیکس میں آیا ہے اور نہ ہی وہ کسی آف شور کمپنی کے مالک ہیں اور نہ ہی بیرون ملک میں اُن کی کوئی جائیداد ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ کاروبار نواز شریف کے بچوں کا ہے اور اُن کے وکیل ہی اس بارے میں جواب دیں گے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ ایک کھلی کتاب ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کتاب کے کچھ صفحے غائب ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ سچ سامنے لے کر آنا عدالت کی ذمہ داری ہے۔مخدوم علی خان کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں نے سابق امریکی وزیر خارجہ جیمز بیکر کی کتاب کا حوالہ دیا ہے جس میں وزیراعظم کے کاروبار سے متعلق بھی باتیں کہی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر اس کو سچ مان لیا جائے تو پھر اس کتاب میں تو پاکستانی فوج کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا ہے تو پھر کیا اس کو بھی تسلیم کرلیا جائے گا۔

وزیراعظم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اُن کے مؤکل کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں میں درخواست گزاروں نے خود اپنے ہی موقف کی تردید کی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ نااہلی کا قانون صرف وزیر اعظم پر ہی نہیں بلکہ تمام ارکان پارلیمان پر لاگو ہوتا ہے۔ اس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت کو اس معاملے کی حساسیت کا علم ہے کیونکہ ان درخواستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نظیر بنے گا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ فوجداری مقدمات میں عدالت کے پاس نامعلوم لاش آتی ہے تو اس پر فریقین کے پاس کوئی شواہد نہیں ہوتے جس پر عدالت واقعاتی شہادتوں کو بنیاد بناتے ہوئے کوئی رائے قائم کرتی ہے۔ان درخواستوں کی سماعت 13جنوری کو پھر ہوگی اور وزیراعظم کے وکیل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
 


Share: